نئی دہلی،29اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اور سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ایک بار پھر الیکٹرانک ووٹنگ مشین یعنی ای وی ایم پر سوال اٹھائے ہیں اور ان میں چھیڑ چھاڑ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اکھلیش نے پٹرول پمپ پر چپ کے ذریعے ہو رہی دھوکہ دہی سے ای وی ایم میں چھیڑ چھاڑ کوجوڑا ہے۔اکھلیش یادو نے ٹوئٹ کیا کہ جب ریموٹ سے چپ کے ذریعہ پٹرول کی چوری بغیر کسی انٹرنیٹ کنکشن کے ہو سکتی ہے تو وی ایم سے بھی ایسا ہو سکتا ہے۔ اکھلیش نے لکھا کہ ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو روکنا ہوگا۔
یوپی انتخابات میں شکست کے بعد اکھلیش یادو نے بھی دبے لہجے میں ای وی ایم پر شک ظاہر کیا تھا لیکن اب لگتا ہے کہ وہ اس مسئلے کو آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ کل ہی لکھنؤ میں بہت سے پٹرول پمپس پر چھاپے مارے گئے تھے جس میں انکشاف ہوا تھا کہ چپ کے ذریعے پٹرول کی چوری ہو رہی ہے اورگاڑیوں میں کم پٹرول بھرا جا رہا ہے۔ اکھلیش نے اسی واقعہ کو بنیاد بنا کر ای وی ایم پر سوال اٹھائے ہیں۔